وفاقی حکومت نے الیکٹرک وہیکل (ای وی) چارجنگ انفراسٹرکچر کی پالیسی پر عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں، جبکہ اس سے متعلق تفصیلات سینیٹ میں پیش کر دی گئی ہیں۔ پاور ڈویژن کے مطابق ای وی پالیسی کے تحت دو وزارتوں — وزارتِ صنعت و پیداوار اور وزارتِ غذائی تحفظ — کو قواعد و ضوابط مرتب کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
حکومتی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کی 72 ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں۔ پالیسی کے مطابق 2030 تک ملک بھر میں 3 ہزار ای وی چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے دوران 240 نئے چارجنگ اسٹیشنز لگانے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای وی سٹیشنز کا قیام پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں کی مشارکت سے کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ ای وی چارجنگ اسٹیشنز کی نگرانی اور ریگولیشن کی ذمہ داری وزارتِ صنعت و پیداوار، پاور ڈویژن اور نیپرا کے پاس ہوگی، جبکہ متعلقہ اداروں کو اس مقصد کے لیے خصوصی اختیارات بھی فراہم کیے گئے ہیں۔






