ایکس کے نئے ٹرانسپیرنسی فیچر سے پاکستان مخالف بیرونی پروپیگنڈا نیٹ ورک بے نقاب

ایکس کے نئے ٹرانسپیرنسی فیچر سے پاکستان مخالف بیرونی پروپیگنڈا نیٹ ورک بے نقاب 0

اسلام آباد: سماجی رابطے کی سائٹ ایکس کے حالیہ متعارف کردہ ٹرانسپیرنسی فیچر نے پاکستان کے خلاف سرگرم ایک منظم بیرونی پروپیگنڈا نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت کی خفیہ ایجنسی را (RAW) اور افغانستان میں موجود فتنہ الخوارج سمیت متعدد دہشت گرد گروہوں کے درمیان واضح رابطے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

ٹرانسپیرنسی ڈیٹا سے معلوم ہوا ہے کہ افغانستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں سے وابستہ متعدد ایکس ہینڈلز باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت انتہا پسند بیانیہ پھیلا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی اکاؤنٹس اسرائیلی، ایرانی اور روسی انفلوئنسرز کا بھیس بنا کر بھارت سے پاکستان مخالف پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔

انکشاف ہوا ہے کہ افغان دفترِ خارجہ کے ترجمان کے نام سے چلنے والا ایکس ہینڈل بھی بھارت سے آپریٹ ہو رہا ہے، جب کہ دیگر جعلی اکاؤنٹس پاکستان کی ریاستی اداروں، سکیورٹی فورسز اور قومی بیانیے کے خلاف مہمات چلا رہے ہیں۔

ٹرانسپیرنسی فیچر کے مطابق 90 فیصد تک پاکستان مخالف آن لائن مواد دشمن ممالک کے ٹرول فارمز سے جنریٹ ہو رہا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ افغانستان میں سرگرم فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد گروہوں سے وابستہ اکاؤنٹس انتہا پسندی کے بیانیے کو ہوا دے رہے ہیں، جبکہ آزاد بلوچ تحریک سے منسلک متعدد اکاؤنٹس بھی بھارت سے چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا نیٹ ورکس کے اس انکشاف نے علاقائی سکیورٹی اور آن لائن انفارمیشن وارفیئر کے حوالے سے نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں