وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا 0

اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا۔ ان کے ہمراہ صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور پارٹی کارکنان بھی موجود ہیں۔

خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ خیبرپختونخوا کے ساڑھے چار کروڑ عوام کی نمائندگی کرتے ہیں، لیکن انہیں مسلسل آٹھویں مرتبہ بھی عمران خان سے ملاقات سے روک دیا گیا ہے، جو انتہائی تشویش ناک اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔

سہیل آفریدی اڈیالہ جیل پہنچے تو پنجاب پولیس نے انہیں گورکھپور ناکے پر روک لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر بار پشاور سے آ کر واپس لوٹ جانا افسوس ناک ہے۔ انہوں نے پولیس سے سوال کیا کہ ملاقات میں رکاوٹ کیوں ڈالی جا رہی ہے اور عدالتی حکم پر عمل درآمد کیوں نہیں ہو رہا۔ انہوں نے اس حوالے سے تحریری وضاحت بھی طلب کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس طرزِ عمل سے ایسے محسوس ہوتا ہے کہ ایک صوبے کے ساتھ امتیازی سلوک ہو رہا ہے، جو قومی سطح پر مزید دوریاں پیدا کر سکتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہی صورتحال کسی اور صوبے کے رہنما کے ساتھ پیش آئے تو یہ ملک کے لیے نقصان دہ ہوگا۔

سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملنے تک دھرنا جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں