اسرائیلی فوجی افسران پر سمارٹ فونز کے استعمال پر پابندی عائد

اسرائیلی فوجی افسران پر سمارٹ فونز کے استعمال پر پابندی عائد 0

تل ابیب: اسرائیلی فوج نے سائبر سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر اعلیٰ فوجی افسران کے لیے موبائل فون کے استعمال کے ضوابط مزید سخت کرتے ہوئے اینڈرائیڈ فونز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق نئی ہدایات کے تحت لیفٹیننٹ کرنل اور اس سے اوپر کے تمام کمانڈرز سرکاری رابطے صرف ایپل کے آئی فون پر انجام دے سکیں گے۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اس لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ حساس معلومات کو ہیکنگ یا بیرونی دراندازی سے محفوظ رکھا جا سکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فوج کا مقصد اعلیٰ سطح پر تمام سرکاری موبائل فونز کا ایک ہی آپریٹنگ سسٹم رکھنا ہے تاکہ سکیورٹی اپ ڈیٹس، نگرانی اور کنٹرول کو زیادہ مربوط بنایا جا سکے۔ سکیورٹی ادارے ماضی میں بھی اپنے اہلکاروں کو ممکنہ ہیکنگ کے خطرات سے آگاہ کرتے رہے ہیں، جبکہ فوج کی ایک سابقہ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ حماس نے غزہ سرحد پر تعینات اہلکاروں سے معلومات حاصل کرنے کے لیے واٹس ایپ کا استعمال کیا۔

اس سے قبل اسرائیلی فوج نے اپنے افسران کے زیرِ استعمال چینی ساختہ گاڑیاں واپس لینے کا عمل بھی شروع کیا تھا۔ یہ اقدام چیف آف اسٹاف کے خصوصی حکم پر کیا گیا تھا، جس کی وجہ یہ خدشہ تھا کہ چینی گاڑیوں کے آن بورڈ سسٹمز حساس معلومات بیرونی سرورز تک منتقل کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں