کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورہ حسین نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے شادی کے درست وقت کے انتخاب کے لیے 7 سال تک انتظار کیا۔ یہ بات انہوں نے کراچی میں کینسر ہسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے مختلف شرکا سے تبادلہ خیال بھی کیا۔
تقریب کے دوران جب اداکارہ سے شادی کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے غیر شادی شدہ لڑکیوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ شادی جیسے اہم فیصلے میں جلدبازی نہیں کرنی چاہیے، بلکہ صحیح وقت اور مناسب شخص کا انتظار کرنا چاہیے۔
ماورہ حسین نے بتایا کہ جیسے ہی وہ 25 برس کی ہوئیں تو خاندان کی جانب سے بار بار یہی سوال کیا جاتا تھا کہ شادی کب کریں گی، مگر انہوں نے تمام سماجی دباؤ کے باوجود اپنے لیے مناسب وقت کا انتخاب کیا اور 7 سال انتظار کیا۔
اداکارہ نے اپنی گفتگو میں نوجوان لڑکیوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی قدر پہچانیں اور ایسے شریکِ حیات کا انتخاب کریں جو نہ صرف ان کی بلکہ ان کے کام کی بھی عزت کرے۔ ان کے مطابق زندگی ایک قیمتی نعمت ہے، اسے سوچ سمجھ کر اور صحیح فیصلوں کے ساتھ گزارنا چاہیے۔






