بنوں : بنوں میں ایک مسلح حملے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی خان سمیت چار افراد شہید ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حملہ میرا نشاہ روڈ فلور ملز کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس گاڑی پر فائرنگ کی اور زخمی پولیس اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھین لیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں دو پولیس اہلکار اور ایک شہری جاں بحق ہوئے جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ بعد ازاں ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے تصدیق کی کہ شہید ہونے والوں کی تعداد چار ہے جبکہ تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
شہداء اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا، جبکہ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر موجود ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر بنوں نے بھی واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ حملہ اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی پر کیا گیا، جس میں پولیس اہلکار اور ڈرائیور زخمی ہوئے۔






