راولپنڈی: اطلاعات کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے میر علی میں ایک کارروائی کے دوران 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ دوسرا آپریشن سپن وام میں خفیہ اطلاع پر کیا گیا، جس میں ایک خارجی مارا گیا۔ مارے گئے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ دہشتگرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز انسداد دہشتگردی کی مہم ’اعظم استحکام‘ کے تحت بھرپور طریقے سے جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ غیرملکی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔






