لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ انہوں نے بچوں کو ہتھکڑیاں لگانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 16 سال سے کم عمر طلبہ کے لیے سمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہیلمٹ نہ پہننے کی پہلی خلاف ورزی پر صرف وارننگ چالان جاری کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ والدین کو بچوں کی رہنمائی کرنی چاہیے اور انہیں روڈ سیفٹی اور ہیلمٹ پہننے کی اہمیت سے آگاہ کرنا چاہیے۔ ٹریفک قوانین عوام کی جان کی حفاظت کے لیے بنائے گئے ہیں، اور ہر شہری کو ان پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ عزت اور شائستگی کے ساتھ پیش آئیں، بداخلاقی یا بدتمیزی نہ کی جائے۔ پنجاب بھر میں ہفتہ آگاہی مہم کے دوران طلبہ اور والدین کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا، اور پہلی بار ٹریفک کنٹرول کے لیے ڈرون اور باڈی کیم کا استعمال بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے بھی کم عمر ڈرائیورز کی گرفتاری پر تشویش ظاہر کی تھی اور کہا کہ پہلے آگاہی مہم چلائی جائے، وارننگ دی جائے اور غلطی دہرانے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔






