دبئی: پاکستانی اوپننگ بیٹر صائم ایوب نے سری لنکا اور زمبابوے کے خلاف ہوم ٹی20 ٹرائی سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد آئی سی سی ٹی20 انٹرنیشنل آل راؤنڈر رینکنگ میں ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
23 سالہ صائم ایوب نے سیریز کے دوران پانچ اننگز میں مجموعی طور پر 118 رنز بنائے جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 114.56 رہا۔ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ انہوں نے باؤلنگ میں بھی اہم کردار ادا کیا اور چار میچوں میں تین وکٹیں حاصل کیں۔
سیریز کے آخری دو میچز میں صائم ایوب نے بالترتیب 27 اور 36 رنز اسکور کیے اور دونوں مقابلوں میں ایک، ایک وکٹ بھی حاصل کی، جس کے باعث وہ فیصلہ کن مرحلے میں پاکستان کے لیے اہم کھلاڑی ثابت ہوئے۔
ان مسلسل اچھی کارکردگی کی بدولت صائم ایوب نے زمبابوے کے کپتان سکندر رضا کو پیچھے چھوڑ دیا اور 295 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرلی، جبکہ سکندر رضا 289 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔






