اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور ان کی رائے سے ملک میں بہتری کے اقدامات کیے جائیں گے۔
وفاقی دارالحکومت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے بہت سے مسائل کا حل نوجوان نسل کی فعال شمولیت میں مضمر ہے۔ دنیا میں تعلیمی نصاب یونیورسٹی کی سطح پر تیار کیے جاتے ہیں، اسی طرح ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں تعلیم کا نظام یکساں ہو۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا نے معیشت کو بہت متاثر کیا، اور آج کے دور میں ٹیکنالوجی کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل سسٹمز کے ذریعے ایسی ریفارمز لانے کی کوشش کر رہی ہے جہاں انسانی مداخلت کم سے کم ہو۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گورننس میں بھی ٹیکنالوجی کا اہم کردار ہے، اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو جیسے ادارے ٹیکس کلیکشن کے حوالے سے جدید سسٹمز استعمال کر رہے ہیں۔
عطا تارڑ نے لوکل گورننس کے نظام کا بھی جائزہ لینے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب تک لوکل گورنمنٹ کے سب سے کم درجے کو بااختیار نہیں بنایا جائے گا، گورننس میں حقیقی تبدیلی لانا ممکن نہیں۔






