لودھراں کی تحصیل کہروڑ پکا کے علاقے دھنوٹ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا۔ سات سالہ ریحان اسکول جاتے ہوئے سڑک کنارے موجود کھلے مین ہول میں گر گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے بچے کو نازک حالت میں باہر نکال کر فوری ہسپتال منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ حفاظتی اقدامات میں شدید غفلت کا نتیجہ ہے۔ واقعے کے بعد شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، اور عوام نے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں مین ہول کورنگ اور واٹر سپلائی سسٹم کی بہتری کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کی۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے ایم ڈیز کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ ہر مین ہول کا ڈھکن مکمل طور پر محفوظ اور فعال حالت میں ہونا چاہیے۔
بلال یاسین کا کہنا تھا کہ کسی بھی ضلع میں کھلا مین ہول پائے جانے کی صورت میں متعلقہ افسر براہِ راست ذمہ دار ٹھہرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مین ہولز سے متعلق شکایات یا حادثات پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔






