بلوچستان میں شدید سردی کی لہر، کوئٹہ میں درجہ حرارت صفر

بلوچستان میں شدید سردی کی لہر، کوئٹہ میں درجہ حرارت صفر 0

بلوچستان اس وقت شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، جہاں رات اور صبح کے اوقات میں ٹھنڈ کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت صفر جبکہ قلات اور زیارت میں درجہ حرارت منفی دو ڈگری تک جا پہنچا ہے، جس سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ شمالی اضلاع میں رات کے اوقات میں کڑاکے کی سردی برقرار رہے گی، جبکہ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں کہیں کہیں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری بھی متوقع ہے۔ اس صورتحال کے باعث پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے مسافروں کو خصوصی احتیاط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

درجہ حرارت کے مطابق آج صبح کوئٹہ میں کم از کم درجہ حرارت صفر، قلات اور زیارت میں منفی دو، ژوب میں 3، سبی 9، تربت 14، نوکنڈی 9 اور چمن میں 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ساحلی علاقوں میں موسم نسبتاً معتدل رہا، جہاں گوادر میں کم از کم درجہ حرارت 18 اور جیوانی میں 12 ڈگری ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شدید سردی کے پیشِ نظر گرم لباس کا استعمال بڑھائیں اور بچوں و بزرگوں کی خصوصی دیکھ بھال کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں