لاہور: آج پاکستانی عوام اور مداح پاپ سنگر سے نعت خوان بننے والے مشہور گلوکار جنید جمشید کی 9ویں برسی منا رہے ہیں۔ جنید جمشید کی آواز کی نرم و میٹھی کیفیت اور شخصیت کی سادگی نے انہیں ہر دلعزیز بنا دیا۔
3 ستمبر 1964ء کو کراچی میں پیدا ہونے والے جنید جمشید نے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی اور اپنے کیرئیر کا آغاز بطور پاپ گلوکار کیا۔ ان کا پہلا البم اور گیت “دل دل پاکستان” بے حد مقبول ہوا اور انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
سال 2004ء میں اپنی عروج کی زندگی میں انہوں نے گلوکاری کو خیر باد کہا اور دین کی تبلیغ میں مصروف ہو گئے۔ 2005ء میں انہوں نے اپنا پہلا نعتیہ البم ریلیز کیا، جسے عوام نے دل کھول کر سراہا۔ جنید جمشید نے شوبز کی دنیا کی شہرت اور دولت کو پیچھے چھوڑ کر لوگوں کو دین کی دعوت دی اور لاکھوں دلوں میں اپنی جگہ بنائی۔
جنید جمشید کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے 2014ء میں حکومت پاکستان نے انہیں تمغہ امتیاز سے نوازا۔ 7 دسمبر 2016ء کو ایک فضائی حادثے میں ان کا انتقال ہوا، لیکن ان کی یادیں اور نعت خوانی کے کلمات آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔






