کراچی: ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، امریکی ایگزم بینک نے منصوبے کے لیے 1.25 ارب ڈالر کی فنانسنگ باقاعدہ طور پر منظور کرلی۔ اس فیصلے کو منصوبے کی رفتار بڑھانے، سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے اور بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں کو نئی قوت دینے میں اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی ایگزم بینک کی نمائندہ نیٹلی بیکر کے مطابق منظور شدہ فنانسنگ ریکوڈک میں منرلز اور کریٹیکل مائننگ آپریشنز کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔ اس پروگرام کے تحت پاکستان 2 ارب ڈالر مالیت کی جدید مائننگ مشینری درآمد کرے گا، جس سے منصوبے کی کارکردگی میں بہتری اور اسے عالمی معیار کے مطابق ترقی دینے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس فنانسنگ سے پاکستان اور امریکا میں مجموعی طور پر 13 ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جن میں 7 ہزار 500 ملازمتیں بلوچستان جبکہ 6 ہزار نوکریاں امریکا میں پیدا ہوں گی۔
نیٹلی بیکر نے امید ظاہر کی کہ اس تعاون کے بعد پاکستان اور امریکا کی کمپنیوں کے درمیان مائننگ اور منرلز کے شعبے میں مزید مشترکہ منصوبے سامنے آئیں گے، جو دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئی مالی معاونت امریکا۔پاکستان پارٹنرشپ کو مزید تقویت دے گی اور بلوچستان میں معاشی بہتری، روزگار کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کی شمولیت کے نئے امکانات پیدا کرے گی۔






