اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر وردا قتل کیس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعظم نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہلِ خانہ کو مکمل قانونی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق صبا صادق ڈاکٹر وردا کے گھر پہنچیں اور اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر وردا کے قاتلوں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہزارہ کی بیٹی کو انصاف دلانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب، کے پی حکومت اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، اور تمام مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر وردا کے والد کی درخواست پر گرینڈ ہیلتھ الائنس نے احتجاج مؤخر کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔






