اسلام آباد: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوموں کی سربلندی تقسیم میں نہیں بلکہ محنت، علم اور اتحاد میں پوشیدہ ہے۔ قومی علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ اسلامی ریاست میں جہاد کا حکم صرف ریاست ہی دے سکتی ہے، کسی فرد یا گروہ کو اس کا اختیار نہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ریاستِ طیبہ اور ریاستِ پاکستان کے درمیان تاریخی اور فکری رشتہ موجود ہے، اور دونوں کے درمیان دفاعی معاہدہ بھی اسی تعلق کی بنیاد پر مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مسلم دنیا میں سے محافظینِ حرمین کا شرف پاکستان کو عطا کیا، مگر جس قوم نے علم و قلم کو نظرانداز کیا وہاں انتشار اور فساد نے جگہ بنا لی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار ضرور رہا ہے، مگر دہشت گردی کا حقیقی وطیرہ بھارت کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم دشمن کو چھپ کر نہیں بلکہ للکار کر جواب دیتے ہیں‘‘ اور حق کے معرکے میں ہمیشہ اللہ کی نصرت شاملِ حال رہی۔
فیلڈ مارشل نے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ قوم کو متحد رکھیں، باہمی برداشت کو فروغ دیں اور نوجوان نسل کی رہنمائی میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ملک کو فکری اور معاشرتی استحکام مل سکے۔






