فرقہ پرستی کا خاتمہ وقت کی ضرورت، علماء کرام کردار ادا کریں: وزیراعظم

فرقہ پرستی کا خاتمہ وقت کی ضرورت، علماء کرام کردار ادا کریں وزیراعظم 0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو امن، اتحاد اور ترقی کی راہ پر آگے بڑھانے کے لیے فرقہ واریت کا خاتمہ ناگزیر ہے، اور اس سلسلے میں علمائے کرام کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ وہ وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ قومی علما کنونشن سے خطاب کر رہے تھے جس میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ معرکۂ حق میں اللہ کے کرم، علما کی دعاؤں اور قوم کے اتحاد سے پاکستان نے اہم کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو دو ٹوک جواب دے کر شرم ناک شکست سے دوچار کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کو معاشی ترقی کی طرف لے جانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، لیکن دہشت گردی اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان کی بقا اور معاشی استحکام کے لیے ضروری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فرقہ واریت کا زہر قومی یکجہتی کو کمزور کرتا ہے، اور بدقسمتی سے آج بھی کچھ علماء اس تقسیم کو ہوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ’’فرقہ پرستی کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے‘‘ اور علما کو اس ضمن میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے بتایا کہ افغانستان سے آنے والے عناصر پاکستان میں دہشت گردی کررہے ہیں جس کے نتیجے میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بے گناہ شہری خوارج کا نشانہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک جادو ٹونے سے نہیں بلکہ مسلسل محنت اور اتحاد سے ترقی کرے گا، اور قومی معاملات پر یکجہتی لازم ہے۔

اختتام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حالیہ کامیابیوں سے دوست خوش اور دشمن حیران ہیں، لیکن داخلی طور پر زہریلا پروپیگنڈا ملک کے مفادات کو نقصان پہنچاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروپیگنڈے کو مسترد کرنا حکومت ہی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں