اسلام آباد:محکمہ موسمیات اور نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں 18 دسمبر تک بارش اور برفباری کی پیش گوئی کرتے ہوئے موسمی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق آج سے اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں مطلع ابرآلود رہے گا، جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، کوہستان اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ آزاد جموں و کشمیر اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش اور برفباری متوقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ 13 سے 15 دسمبر کے دوران مغربی ہواؤں کا سلسلہ شمالی اور مغربی علاقوں کو متاثر کرے گا، جس کے باعث میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔ کوہستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث پہاڑی راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور بعض سڑکوں کے بند ہونے کا امکان ہے۔ اسی طرح کوئٹہ، زیارت اور شمال مغربی بلوچستان کے چند علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن پیدا ہو سکتی ہے، جس سے ٹریفک کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ این ڈی ایم اے نے عوام، بالخصوص سیاحوں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔






