لاہور: ڈی ایس پی عثمان حیدر کی بیوی اور بیٹی کے اغوا کا معاملہ حل ہو گیا، تاہم تحقیقات میں افسوسناک انکشاف سامنے آیا ہے کہ ڈی ایس پی عثمان حیدر خود ہی اپنی بیوی اور بیٹی کا قاتل نکلا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم ڈی ایس پی عثمان حیدر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ عثمان حیدر نے اپنی بیوی اور بیٹی کو مبینہ طور پر فائرنگ کر کے قتل کیا اور بعد ازاں واقعے کو اغوا کا رنگ دینے کے لیے تھانہ برکی میں دونوں کے اغوا کی ایف آئی آر خود درج کروائی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دورانِ تفتیش اعترافِ جرم کر لیا ہے۔ ملزم کی نشاندہی پر بیٹی کی لاش کاہنہ جبکہ بیوی کی لاش شیخوپورہ سے برآمد کر لی گئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق قتل کی وجہ گھریلو ناچاقی بتائی جا رہی ہے۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ڈی ایس پی عثمان حیدر نے دو شادیاں کر رکھی تھیں، مقتولہ ان کی پہلی اہلیہ تھیں جبکہ دوسری شادی کے بعد گھریلو تنازعات میں اضافہ ہو گیا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق مزید حقائق تفتیش کے دوران سامنے آنے کا امکان ہے۔






