پاکستان دنیا کے پہلے 3 کرپٹو اپنانے والے ممالک میں شامل ہے: بلال بن ثاقب

پاکستان دنیا کے پہلے 3 کرپٹو اپنانے والے ممالک میں شامل ہے بلال بن ثاقب 0

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بلاک چین اور کرپٹو، بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے پہلے تین کرپٹو اپنانے والے ممالک میں شامل ہے اور اگلے 10 برس میں ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی خود مختاری کو مستحکم کر لے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بلال بن ثاقب نے بتایا کہ تاریخ میں پہلی بار ایکس چینجز کے لیے منظم، شفاف اور عالمی معیار کا راستہ کھول دیا گیا ہے، جو نئی سوچ اور ادارہ جاتی تبدیلی کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بائنانس اور HTX کو این او سی جاری کرنا اس نئی سوچ کا عملی مظہر ہے، اور اس فریم ورک کے تحت اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی نگرانی ممکن ہوگی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان میں 3 سے 4 کروڑ لوگ ڈیجیٹل اثاثے استعمال کر رہے ہیں اور ملک میں ڈیجیٹل اثاثے اپنانے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 100 ٹریلین ڈالر کی عالمی بانڈ مارکیٹ ڈیجیٹل ریلز کی طرف بڑھ رہی ہے، اور موجودہ فریم ورک نہ صرف ٹریڈنگ بلکہ صنعتوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔

بلال بن ثاقب نے مزید کہا کہ پاکستان اگلے 10 سال میں ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی خودمختاری مستحکم کر لے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان صرف صارفین نہ بنیں بلکہ گلوبل ایکسپرٹس بنیں، اور ملکی ٹیلنٹ کے لیے مناسب لیگل سٹرکچر یا فریم ورک فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس جو مواقع ہیں وہ بہت کم ممالک کے پاس موجود ہیں اور کرپٹو کو ریگولیٹ کرنے کے ساتھ نوجوانوں کو عالمی سطح پر مقابلے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں