ملک سے باہر جانا مسائل کا حل نہیں، حامی تیار کرنے اور نظام بدلنا ہے: حافظ نعیم

ملک سے باہر جانا مسائل کا حل نہیں، حامی تیار کرنے اور نظام بدلنا ہے حافظ نعیم 0

کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک سے مایوس ہوکر باہر جانا مسائل کا حل نہیں ہے، بلکہ ہمیں عالمی سطح پر نظام بدلنا ہوگا اور اپنے حامی تیار کرنے ہوں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں خواتین کا اتنا بڑا اجتماع کبھی نہیں ہوا، اور جماعت اسلامی کا یہ اجتماع نوجوان نسل کے لیے امید کی کرنیں لے کر آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کو مہارت، اے آئی اور ٹیکنالوجی کے بارے میں آگاہ کرے گی اور ہنر حاصل کرنے والے نوجوانوں کی سرپرستی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کے لیے کھیلوں میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بھی شروع کرے گی اور پورے اجتماع میں قوم کے لیے ایک واضح لائحہ عمل پیش کیا گیا۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں ایک نظام موجود ہے جو ظالموں کے ساتھ کھڑا ہے اور چند طاقتور افراد نے دنیا پر قبضہ کیا ہوا ہے، لہذا عالمی سطح پر نظام بدلنا اور اپنے حامی تیار کرنا ناگزیر ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے زور دیا کہ اسلام ایک مکمل نظام ہے جو پوری انسانیت کو عدل فراہم کر سکتا ہے اور قومیں ایک دوسرے پر بالادستی نہیں رکھ سکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا ایجنڈا “بدل دو نظام” صرف نعرہ نہیں بلکہ عوام کی حقیقی تمنا اور خواہش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں