سڈنی بیچ فائرنگ: حملہ آور باپ بیٹا نکلے، ملک بھر میں آج یوم سوگ کا اعلان

سڈنی بیچ فائرنگ حملہ آور باپ بیٹا نکلے، ملک بھر میں آج یوم سوگ کا اعلان 0

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ساحل پر ہونے والی ہولناک فائرنگ کے واقعے سے متعلق پولیس نے اہم پیش رفت سے آگاہ کیا ہے۔ نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے مطابق فائرنگ میں ملوث دونوں افراد آپس میں باپ بیٹا تھے، جس کے بعد مزید کسی مشتبہ شخص کی تلاش ختم کر دی گئی ہے۔

پولیس نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ فائرنگ یہودی برادری کی ایک تقریب کے دوران کی گئی۔ واقعے میں 50 سالہ ساجد اکرم ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کا 24 سالہ بیٹا نوید اکرم شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کے پاس گزشتہ دس برس سے اسلحے کا لائسنس موجود تھا اور وہ ایک گن کلب کا باقاعدہ رکن بھی تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ساجد اکرم کے قبضے سے مجموعی طور پر چھ ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں، تاہم یہ تعین کیا جا رہا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں کون سا ہتھیار استعمال ہوا۔ اس کے علاوہ جائے وقوع کے قریب سے دو فعال دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد بھی ملے ہیں، جنہیں ناکارہ بنا کر تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس نے واضح کیا ہے کہ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے اور یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ آیا اس واقعے کے پس منظر میں دہشت گردی کا کوئی عنصر شامل تھا یا نہیں۔ دونوں افراد کافی عرصے سے آسٹریلیا میں مقیم تھے، تاہم ان کے پس منظر سے متعلق مزید معلومات فی الحال فراہم نہیں کی گئیں۔

ادھر آسٹریلوی حکومت نے اس المناک واقعے کے بعد پورے ملک میں یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سڈنی کے ساحل پر ہونے والی اس فائرنگ کے نتیجے میں 16 افراد جان سے گئے جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوئے، جس نے پورے ملک کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں