اسلام آباد: پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بونڈائی بیچ پر ہونے والے افسوسناک حملے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کی اور آسٹریلیا کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے دکھ اور اس کے اثرات کو بخوبی سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنے اصولی اور دوٹوک مؤقف پر قائم ہے اور معصوم شہریوں کے خلاف ہر قسم کے تشدد کی سخت مذمت کرتا ہے۔ صدر نے مشکل گھڑی میں آسٹریلیا کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان آسٹریلیا کے عوام اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ وزیراعظم نے آسٹریلوی ہم منصب کو اظہارِ یکجہتی کا پیغام بھی ارسال کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت کے خلاف ناقابلِ معافی جرم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان طویل عرصے سے دہشت گردی کا سامنا کرتا آ رہا ہے اور اس خطرے کی سنگینی کو بخوبی سمجھتا ہے۔
ادھر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہر پاکستانی آسٹریلیا کے ساتھ کھڑا ہے۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے واقعے کو آسٹریلیا کے لیے ایک سیاہ دن قرار دیا اور کہا کہ لوگوں کی جانیں بچانے والا مسلم شہری آسٹریلیا کا ہیرو ہے۔
واضح رہے کہ سڈنی کے بونڈائی بیچ پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 16 افراد جان سے گئے جبکہ 2 پولیس اہلکاروں اور بچوں سمیت 40 افراد زخمی ہوئے۔






