راولپنڈی: پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں سطح آب سے فضا تک مار کرنے والے جدید میزائل کے کامیاب تجربے کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیت اور آپریشنل تیاری کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ اس فائر پاور ڈسپلے نے پاک بحریہ کی جنگی مہارت اور مستعدی کو واضح کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ نے ایف ایم 90 این ای آر سطح آب سے فضا تک مار کرنے والے میزائل کی کامیاب لائیو فائرنگ کی۔ اس دوران تیز رفتار فضائی اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا، جسے ایک اہم دفاعی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ لائیو میزائل فائرنگ پاک بحریہ کی مضبوط آپریشنل صلاحیت اور اعلیٰ سطح کی حربی تیاری کا ثبوت ہے۔ مشق کے دوران تمام اہداف کامیابی سے حاصل کیے گئے، جس سے بحری دفاع کے نظام کی مؤثریت ظاہر ہوتی ہے۔
کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمُنیب نے فائر پاور کے مظاہرے کا مشاہدہ کیا اور پاک بحریہ کی مجموعی تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مشق میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور جذبے کو سراہا۔
ریئر ایڈمرل عبدالمُنیب نے اس موقع پر کہا کہ پاک بحریہ ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی ممکنہ چیلنج کا مؤثر اور بروقت جواب دیا جائے گا۔






