سڈنی میں حملہ آور کو روکنے والا شخص بہادر اور قابل احترام ہے، امریکی صدر

سڈنی میں حملہ آور کو روکنے والا شخص بہادر اور قابل احترام ہے، امریکی صدر 0

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بونڈائی بیچ پر ہونے والے فائرنگ کے واقعے کو خوفناک قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے حملے کے دوران جان پر کھیل کر حملہ آور کو روکنے والے شخص کو بہادر اور قابلِ احترام قرار دیا۔

وائٹ ہاؤس میں کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ مذہبی تقریبات اور تہوار منانے والوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، لوگوں کو پورے فخر اور آزادی کے ساتھ اپنے تہوار منانے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تشدد اور نفرت کو معاشروں میں جگہ نہیں دی جا سکتی۔

امریکی صدر نے واقعے کے دوران مداخلت کرنے والے شہری کی جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس شخص نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا اور بروقت اقدام کر کے کئی قیمتی جانیں بچائیں۔ صدر ٹرمپ کے مطابق ایسے افراد ہی معاشروں کے اصل ہیرو ہوتے ہیں۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق بونڈائی بیچ پر فائرنگ کے دوران ایک شہری نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر حملہ آور کو قابو کیا اور اس سے اسلحہ چھین لیا، جس کے باعث بڑا جانی نقصان ٹل گیا۔ اس بہادر شخص کی شناخت 43 سالہ احمد ال احمد کے نام سے ہوئی ہے، جو دو بچوں کے والد ہیں اور سڈنی میں پھلوں کی ایک دکان چلاتے ہیں۔

واقعے کے بعد احمد ال احمد کی جرات اور انسانیت کے لیے خدمات کو آسٹریلیا سمیت دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں