یاسر نواز نے اہلیہ کو تنقید کا نشانہ بنانے پر فضا علی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

یاسر نواز نے اہلیہ کو تنقید کا نشانہ بنانے پر فضا علی کو آڑے ہاتھوں لے لیا 0

لاہور: معروف اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر یاسر نواز نے اپنی اہلیہ اور اداکارہ و ٹی وی میزبان ندا یاسر پر تنقید کرنے والی اداکارہ فضا علی کو شدید ردعمل کا نشانہ بنایا ہے۔ یاسر نواز نے فضا علی کے رویے کو سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا۔

سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں یاسر نواز نے فضا علی کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی اہلیہ کا پیچھا چھوڑ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ندا یاسر ایک معصوم انسان ہیں اور مسلسل تنقید کسی طور مناسب نہیں۔ یاسر نواز نے کہا کہ فضا علی کو جتنی شہرت ملنی تھی وہ مل چکی، اب اس معاملے کو یہیں ختم کر کے آگے بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ندا یاسر نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی بھی مانگ لی ہے، اس کے باوجود بار بار تنقید کرنا درست عمل نہیں۔ یاسر نواز کے مطابق ہر انسان سے غلطی ہو سکتی ہے اور معافی کے بعد معاملے کو ختم کر دینا چاہیے۔

واضح رہے کہ اس تنازع کی ابتدا اس وقت ہوئی جب اداکارہ فضا علی نے فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز سے متعلق ندا یاسر کے ایک بیان پر سخت تنقید کی۔ بعد ازاں ندا یاسر نے عوامی طور پر فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز سے معذرت بھی کی، تاہم فضا علی نے معافی کے بعد بھی ایک اور ویڈیو جاری کرتے ہوئے ندا یاسر کے مؤقف کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں