بونڈائی بیچ کے حملہ آور نومبر میں بھارتی پاسپورٹ پر منیلا پہنچے تھے: فلپائنی حکومت

بونڈائی بیچ کے حملہ آور نومبر میں بھارتی پاسپورٹ پر منیلا پہنچے تھے فلپائنی حکومت 0

منیلا: فلپائن حکومت نے تصدیق کی ہے کہ سڈنی کے بونڈائی بیچ میں فائرنگ کے واقعے میں ملوث ساجد اکرم اور نوید اکرم نے بھارتی پاسپورٹ پر نومبر میں فلپائن کا سفر کیا تھا۔ فلپائن امیگریشن کے مطابق 50 سالہ ساجد اکرم اور 24 سالہ نوید اکرم یکم نومبر کو سڈنی سے فلپائن پہنچے اور 28 نومبر کو واپس روانہ ہو گئے۔

فلپائن امیگریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں افراد بھارتی شہری کے طور پر فلپائن میں داخل ہوئے۔ آسٹریلوی پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ فلپائن کے دورے کا مقصد کیا تھا، جبکہ اس سے قبل بھی آسٹریلوی حکام اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں کہ حملہ آور واقعے سے کچھ عرصہ قبل فلپائن گئے تھے۔

آسٹریلوی پولیس کے مطابق تحقیقات میں یہ پہلو بھی شامل ہے کہ ساجد اکرم اور نوید اکرم نے فلپائن میں ممکنہ طور پر فوجی طرز کی تربیت حاصل کی۔ فلپائن کی وزارتِ دفاع کے ترجمان آرسینیو اینڈولونگ نے بتایا کہ فلپائن پولیس سڈنی واقعے سے قبل دونوں افراد کے فلپائن میں قیام کے حوالے سے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آسٹریلوی انٹیلی جنس اداروں نے اس معاملے پر بھارتی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔ تاہم اس سے قبل بھارت اور اسرائیل کی جانب سے حملہ آوروں کو پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کی گئی تھی، جسے اس وقت شدید دھچکا لگا جب آسٹریلیا کے وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ نوید اکرم آسٹریلوی شہری ہے۔

آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو میں نوید اکرم کے ایک دوست نے بتایا کہ اس کے والد کا تعلق بھارت سے جبکہ والدہ اطالوی شہری ہیں۔ اس سے پہلے بھارتی، اسرائیلی اور افغان میڈیا نے ایک پاکستانی شہری شیخ نوید کو بھی غلط طور پر حملہ آور قرار دیا تھا، جس پر شیخ نوید نے ویڈیو بیان جاری کر کے ان الزامات کی تردید کی۔

فلپائن کی جانب سے بھارتی پاسپورٹ پر سفر کی تصدیق کے بعد اس معاملے میں پھیلائی گئی گمراہ کن معلومات پر سوالات اٹھ گئے ہیں، جبکہ تحقیقات اب بھی جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں