لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے بے گھر صنعتی ورکرز کے لیے نئے تعمیر شدہ 720 فلیٹس کی قرعہ اندازی کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے بٹن دبا کر قرعہ اندازی کے عمل کا افتتاح کیا اور کامیاب ہونے والے صنعتی کارکنوں کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ 720 صنعتی ورکرز آج اپنے بنے بنائے گھروں کے مالک بن رہے ہیں، جو ان کے لیے ایک نئے اور محفوظ مستقبل کی بنیاد ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ بیوگان اور خصوصی افراد کو قرعہ اندازی سے الگ رکھتے ہوئے براہِ راست فلیٹس دیے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صنعتی کارکنوں کے لیے مزید 1872 فلیٹس آئندہ 18 ماہ کے دوران مکمل کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ شیخوپورہ میں قائداعظم بزنس پارک کے قریب 700 صنعتی ورکرز کے لیے بیچلر ہاسٹل تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
مریم نواز شریف نے خصوصی صنعتی کارکنوں کی سہولت اور تحفظ کے پیشِ نظر گراؤنڈ فلور پر فلیٹس دینے کا حکم دیا۔ انہوں نے ایک صنعتی کارکن ندیم طاہر کو خود فون کر کے فلیٹ ملنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ والدین کو ساتھ رکھنا، ان کی دعاؤں سے یہ کامیابی نصیب ہوئی ہے۔
حکومتی منصوبے کے مطابق سندر فیز ٹو میں 672، ملتان میں 656 اور واربرٹن ننکانہ صاحب میں 544 فلیٹس صنعتی کارکنوں کو فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ جھنگ اور کمالیہ میں بننے والی لیبر کالونیوں میں 2000 صنعتی ورکرز کو تین، تین مرلے کے مفت پلاٹس دیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق جھنگ میں 1300 جبکہ کمالیہ میں 700 صنعتی کارکنوں کو انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ مکمل ہونے کے بعد پلاٹس فراہم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صنعتی ورکرز کی فلاح و بہبود حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور انہیں باعزت رہائش فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔






