بہاولنگر کے علاقے ہارون آباد روڈ پر پٹرولنگ پولیس اور فوڈ اتھارٹی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 6 من سے زائد مضر صحت گوشت برآمد کر کے ضبط کر لیا۔ کارروائی کے دوران گوشت کی ترسیل میں ملوث ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس بہاولنگر کے مطابق ملزمان کو ناکہ بندی کے دوران ایک کیری ڈبہ سے مضر صحت گوشت لے جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا، جس کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
فوڈ اتھارٹی کی جانب سے دی گئی تحریری درخواست پر تھانہ ڈونگہ بونگہ میں مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ ضبط کیے گئے مضر صحت گوشت کو فوڈ اتھارٹی نے موقع پر ہی تلف کر دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور غیر معیاری و مضر صحت خوراک کی ترسیل کو ہر صورت روکا جائے گا۔






