ملک کے مختلف شہروں میں شدید دھند، موٹرویز مختلف مقامات سے بند

ملک کے مختلف شہروں میں شدید دھند، موٹرویز مختلف مقامات سے بند 0

ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے پر موٹرویز کے متعدد سیکشنز کو بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر یہ اقدام کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ ایم ون پشاور سے صوابی، ایم فور شیر شاہ سے شام کوٹ، ایم فائیو شیر شاہ سے روہڑی اور ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا ہے۔ دھند کے باعث قومی شاہراہوں پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک حد تک خراب ہو چکی ہے۔ عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق پشاور 577 ایئر پارٹیکولیٹ میٹر کے ساتھ ملک کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ کا ایئر کوالٹی انڈیکس 344 جبکہ گجرات کا 249 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لاہور 225 ایئر انڈیکس کے ساتھ دنیا کے بڑے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ محکمہ ماحولیات پنجاب کی ویب سائٹ کے مطابق رحیم یار خان اور سیالکوٹ 500 اے کیو آئی کے ساتھ پنجاب کے آلودہ ترین شہر ہیں، جبکہ خانیوال کا ایئر انڈیکس 371 اور نارووال کا 353 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں