مودی سرکار کو ایسا سبق سکھایا کہ وہ زندگی بھر نہیں بھولیں گے: وزیراعظم

مودی سرکار کو ایسا سبق سکھایا کہ وہ زندگی بھر نہیں بھولیں گے وزیراعظم 0

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان قوم کے ہیرو اور مستقبل کے معمار ہیں، نوجوان نسل ہی ملکی ترقی کی اصل ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں مودی سرکار کو ایسا سبق دیا گیا جو وہ کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے۔

ہری پور میں ہونہار طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج کی تقریب میں شرکت باعثِ مسرت ہے۔ خیبرپختونخوا دلیروں اور غیور لوگوں کا صوبہ ہے، جنہوں نے ملک کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہی قربانیوں کے نتیجے میں آج ملک میں امن قائم ہے اور تاریخ ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت عظیم بنے گا جب چاروں صوبے مل کر ترقی کریں گے۔ محنت، دیانت داری اور بھائی چارے کے ذریعے ہی قوم آگے بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 مئی کی صبح اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عظیم فتح عطا کی، یہ کامیابی کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ پوری قوم اور افواجِ پاکستان کی ہے۔

تقریب کے دوران مائیک بند ہونے پر وزیراعظم نے خوشگوار انداز میں کہا کہ ان کے مکے سے مائیک بند ہو گیا، یہی وہ مکا تھا جس سے مودی سرکار کو سبق سکھایا گیا، اور وہ سبق اب تک یاد رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فتح کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم 100 فیصد میرٹ پر ہے، ماضی میں اس پر تنقید بھی ہوئی مگر ہونہار طلبہ کو آگے بڑھانے کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2023 اور 2024 میں ملکی معیشت مشکلات کا شکار تھی، تاہم اب معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔

شہباز شریف نے زور دیا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے مسلسل محنت کرنا ہوگی۔ ترقی جادو یا نعروں سے نہیں بلکہ عملی کام سے حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہری پور میں دانش اسکول قائم کیا جائے گا، طالبات کے لیے الگ کیمپس بنایا جائے گا جبکہ ہری پور پل کی تعمیر کا بھی اعلان کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر پوری قوم متحد ہو جائے تو پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام ضرور حاصل کرے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تربیت کے لیے ملک بھر کے بچوں کو بیرونِ ملک بھیجا جائے گا تاکہ پاکستان جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں