راولپنڈی: پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسی کی کارروائی میں داعش خراسان (ISIS-K) کو بڑا دھچکا لگا ہے اور تنظیم کے ترجمان خارجی سلطان عزیز اعظّام کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خارجی سلطان عزیز اعظّام داعش خراسان کے آفیشل میڈیا ونگ الاعظائم فاؤنڈیشن کے بانی بھی ہیں، جو تنظیم کی بھرتی اور پراپیگنڈا سرگرمیوں کا مرکزی ادارہ سمجھا جاتا ہے۔ ان کی گرفتاری کے بعد تنظیم کی میڈیا سرگرمیاں بھی معطل ہو گئی ہیں۔
اقوام متحدہ کی اینالیٹیکل سپورٹ اینڈ سینکشنز مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ کے مطابق 16 مئی 2025 کو کی گئی یہ گرفتاری پاکستان کی کارروائیوں میں شامل ہے، جس نے داعش خراسان کے تنظیمی ڈھانچے کو عالمی سطح پر کمزور کر دیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کئی منصوبہ بند حملے ناکام بنائے گئے، تنظیم کے جنگجوؤں کی تعداد میں کمی آئی اور اہم کمانڈرز و نظریاتی رہنما نیوٹرلائز کر دیے گئے ہیں۔
مزید برآں، مئی 2025 میں خارجی سلطان عزیز اعظّام کے ساتھ سینئر رہنما ابو یاسر الترکی کی گرفتاری سے تنظیم کی آپریشنل طاقت میں نمایاں کمی واقع ہوئی اور ’وائس آف خراسان‘ جیسے اہم پراپیگنڈا پلیٹ فارمز بھی معطل ہو گئے ہیں۔






