ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ

ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ 0

بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت بڑھ گئی جبکہ بعض مقامات پر نقصانات کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

بلوچستان میں طویل وقفے کے بعد ہونے والی بارش سے موسم یکسر تبدیل ہو گیا ہے۔ کوئٹہ اور اطراف میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی۔ چمن، قلات، لورالائی، پنجگور، خاران اور قلعہ سیف اللہ میں بھی بارش کے بعد سرد ہوائیں چلنے لگیں۔ بعض علاقوں میں بارش کے باعث کمزور دیواریں گر گئیں اور درخت اکھڑ گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی زیارت اور قریبی پہاڑی علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں سردی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی موسم نے کروٹ لے لی ہے۔ وادی سوات کے سیاحتی مقامات کالام، مالم جبہ، مہوڈنڈ اور گبین جبہ میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے۔ برفباری کے باعث میدانی علاقوں میں بھی شدید سردی محسوس کی جا رہی ہے جبکہ برف کے حسین مناظر دیکھنے کے لیے سیاح بڑی تعداد میں سوات کا رخ کر رہے ہیں۔

راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم سرد ہو گیا ہے۔ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارش کی پیش گوئی بھی کی ہے۔

ضلع ہری پور میں طویل خشک سالی کے بعد بارش ہونے سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ ہری پور، خانپور اور غازی میں بارش کو کسانوں نے فصلوں کے لیے مفید قرار دیا ہے۔ اسی طرح ایبٹ آباد اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

آزاد کشمیر کی زیریں وادی نیلم میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ برف پڑنے سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے، سردی میں اضافہ ہوا ہے اور بارش و برفباری کے باعث جنگلات میں لگی آگ بھی بجھ گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں