لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے عمل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت کا مقصد سرحدی علاقوں میں ریاستی رِٹ کو مضبوط بنانا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق وزیراعظم نواف سلام نے بتایا کہ دریائے لتانی کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں مرحلہ وار طور پر حزب اللہ سے ہتھیار واپس لیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی سرحد کے ساتھ مکمل ریاستی کنٹرول قائم کرنے کے لیے لبنانی فوج کو عملی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں جنوبی لبنان سے اسلحہ جمع کرنے کا عمل چند دنوں میں مکمل کیے جانے کی توقع ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام ملکی سلامتی، استحکام اور بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کے لیے ناگزیر ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اس اعلان کو خطے میں سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم آئندہ مراحل میں اس فیصلے کے اثرات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔






