کیڈٹ کالج ورسک میں یومِ والدین کی پروقار تقریب، انعامات تقسیم

کیڈٹ کالج ورسک میں یومِ والدین کی پروقار تقریب، انعامات تقسیم 0

کیڈٹ کالج ورسک پشاور میں یومِ والدین کی ایک باوقار اور متاثرکن تقریب منعقد ہوئی جس میں کیڈٹس کے والدین کے علاوہ عسکری اور سول حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا مقصد طلبہ کی تعلیمی و تربیتی کارکردگی کو سراہنا اور والدین کو ادارے کی سرگرمیوں سے آگاہ کرنا تھا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر پشاور تھے، جنہیں کیڈٹس کے چاک و چوبند دستے نے شاندار سلامی پیش کی۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی نے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ اور توانائیاں اعلیٰ تعلیم اور مثبت کردار سازی پر مرکوز رکھیں تاکہ مستقبل میں ملک و قوم کی بہتر خدمت کر سکیں۔

مہمانِ خصوصی نے نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر کیڈٹ عکاشہ بنگش نے پہلی جبکہ کیڈٹ عزیر رحمان نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جس پر والدین اور اساتذہ نے خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔

تقریب کے دوران جمناسٹک، گھڑ سواری اور دیگر تربیتی سرگرمیوں کے عملی مظاہرے بھی پیش کیے گئے، جنہیں شرکاء نے خوب سراہا۔ ان مظاہروں سے کیڈٹس کی جسمانی تربیت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور اظہار ہوا۔

واضح رہے کہ کیڈٹ کالج ورسک کا قیام 2009 میں عمل میں آیا تھا اور یہ ادارہ اپنے معیاری تعلیمی نظام اور بہترین تربیت کے باعث ملک بھر میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔ یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ ملک کے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں