کوئٹہ : سکیورٹی صورتحال کے باعث بلوچستان سے اندرونِ صوبہ اور دیگر صوبوں کے لیے ٹرین آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق احتیاطی اقدامات کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس اپنی شیڈول روانگی کے مطابق نہیں چل سکے گی۔ اسی طرح کوئٹہ سے کراچی کے لیے بولان میل اور چمن کے لیے چلنے والی چمن پسنجر بھی آج معطل رہے گی۔
حکام نے بتایا ہے کہ یہ معطلی صرف ایک دن کے لیے ہے اور صورتحال بہتر ہونے پر کل سے بلوچستان میں ٹرین سروس معمول کے مطابق بحال کر دی جائے گی۔ مسافروں سے گزارش کی گئی ہے کہ سفر سے قبل متعلقہ ریلوے دفاتر سے معلومات حاصل کریں۔






