امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں کرسمس کے حوالے سے خصوصی تقریب

امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں کرسمس کے حوالے سے خصوصی تقریب 0

واشنگٹن ڈی سی: امریکا میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں کرسمس کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مسیحی برادری سے اظہارِ یکجہتی اور خوشیوں میں شمولیت کا پیغام دیا گیا۔

تقریب کے دوران کرسمس کی خوشی میں کیک کاٹا گیا جبکہ مسیحی سفارتی عملے کو تحائف بھی پیش کیے گئے۔ اس موقع پر سفارت خانے کا ماحول باہمی احترام، رواداری اور خوشگوار جذبات سے بھرپور رہا۔

اس موقع پر سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے اپنے خصوصی پیغام میں امریکا، پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس اور نئے سال کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس صرف مسیحی برادری ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے لوگوں کے لیے خوشی، محبت اور امن کا پیغام لاتا ہے۔

سفیرِ پاکستان نے کہا کہ پاکستان ایک کثیرالثقافتی، کثیرلسانی اور کثیرالمذاہب معاشرہ ہے جہاں مختلف مذاہب اور ثقافتوں کی روایات صدیوں سے فروغ پاتی رہی ہیں۔ اختلافات کے بجائے مشترکہ اقدار کو اپنانا سماجی ہم آہنگی اور بین المذاہب بقائے باہمی کو مضبوط بناتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام مذاہب کا احترام اور ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونا انسانیت کے رشتوں کو مزید مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو اللہ کے برگزیدہ رسولوں میں سے ایک نبی مانتے ہیں اور ان کا احترام کرتے ہیں۔

رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادیں بین المذاہب ہم آہنگی اور نفرت کے خاتمے کے لیے عالمی عزم کی عکاس ہیں۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ نیا سال 2026 پوری دنیا کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے اور کرسمس کا جذبہ آنے والے برسوں میں بھی برقرار رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں