قائداعظم کی زندگی قانون کی بالادستی اور حق گوئی کی روشن مثال تھی: محسن نقوی

قائداعظم کی زندگی قانون کی بالادستی اور حق گوئی کی روشن مثال تھی محسن نقوی 0

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کی زندگی قانون کی بالادستی، اصول پسندی اور حق گوئی کی روشن مثال ہے، جن کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد ریاست نصیب ہوئی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قائداعظمؒ نے دیانت، غیر متزلزل عزم اور ناقابلِ یقین محنت سے قیامِ پاکستان کی جدوجہد کو ایک منظم تحریک میں تبدیل کیا۔ انہوں نے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا اور آزاد مسلم ریاست کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا۔ قائداعظمؒ کا وژن ایک ایسی ریاست تھا جو قانون، مساوات اور مذہبی آزادی کی بنیادوں پر قائم ہو۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ قائداعظمؒ نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر خصوصی زور دیا اور انہی کی قیادت کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کے سنہری اصول ہمیں سکھاتے ہیں کہ ترقی کا راستہ ایمانداری، خود احتسابی اور قومی یکجہتی سے ہو کر گزرتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایمان، اتحاد اور تنظیم کو اپنی عملی زندگی کا محور بنایا جائے گا، کیونکہ پائیدار ترقی اور خوشحالی قائداعظمؒ کے افکار پر عمل پیرا ہو کر ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کرسمس کے موقع پر پاکستان کی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد بھی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس محبت، قربانی، بھائی چارے اور امن کے پیغام کی یاد دہانی ہے اور مسلمان، مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات رواداری، انسانیت کے احترام اور ہمدردی پر مبنی ہیں، جو پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسیحی برادری کو اپنی مذہبی اور ثقافتی رسومات مکمل آزادی کے ساتھ منانے کا حق حاصل ہے۔

وفاقی وزیر نے تعلیم، صحت، دفاع، سماجی خدمات اور قومی تعمیر میں مسیحی برادری کے کردار کو قابلِ فخر قرار دیا اور کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ سے ہی ایک مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان تشکیل دیا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں