لاہور: ملک کے مختلف حصوں میں سردی کی شدت بدستور برقرار ہے جبکہ شمالی علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے چلا گیا ہے۔ شدید سردی کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ استور میں منفی 6 اور گوپس میں منفی 5 ڈگری رہا۔ سکردو، ہنزہ اور قلات میں پارہ منفی 4 تک گر گیا۔ اس کے علاوہ کالام، گلگت، کوئٹہ اور دیر میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
موسمی پیش گوئی میں بتایا گیا ہے کہ آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ شمالی علاقہ جات اور بلوچستان کے وسطی و جنوبی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ پنجاب اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند پڑ سکتی ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔






