بینکاک: تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان معاہدے پر دستخط کے بعد ہفتے کے روز مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے سے باقاعدہ جنگ بندی نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت دونوں ممالک نے فوری طور پر تمام فوجی کارروائیاں روکنے پر اتفاق کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی اور کمبوڈین وزرائے دفاع کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ معاہدے کے بعد جنگ بندی فوری طور پر مؤثر ہو گئی ہے۔ بیان کے مطابق دونوں ممالک کی افواج اپنی موجودہ پوزیشنز پر برقرار رہیں گی، جبکہ شہری آبادی، شہری تنصیبات، انفراسٹرکچر اور فوجی اہداف پر کسی بھی قسم کے حملے پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔
دونوں فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ فوجیوں کی نقل و حرکت منجمد رہے گی، سرحدی علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے شہریوں کو گھروں کو واپس جانے کی اجازت دی جائے گی، اور تخریب کاری و سائبر جرائم سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
مشترکہ اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ جنگ بندی کے 72 گھنٹے مکمل ہونے کے بعد تھائی لینڈ کی تحویل میں موجود کمبوڈیا کے 18 فوجیوں کو رہا کر دیا جائے گا، جو جولائی سے زیرِ حراست تھے۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان گزشتہ 20 روز سے جاری سرحدی کشیدگی کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک جبکہ پانچ لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان 817 کلومیٹر طویل زمینی سرحد کے بعض حصوں پر خودمختاری کا تنازع گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصے سے چلا آ رہا ہے۔






