سوات میں موسم سرما کی پہلی برف باری، سیاحوں نے مالم جبہ کا رخ کر لیا

سوات میں موسم سرما کی پہلی برف باری، سیاحوں نے مالم جبہ کا رخ کر لیا 0

سوات: موسمِ سرما کی پہلی برف باری کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد نے معروف سیاحتی مقام مالم جبہ کا رخ کر لیا، جہاں چیئر لفٹ، برف باری اور دلکش قدرتی مناظر نے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کر لیا۔

طویل خشک سالی کے بعد خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں ہونے والی برف باری سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ موسم کی اس تبدیلی کے ساتھ ہی مالم جبہ میں سیاحوں کا رش بڑھ گیا، جہاں دور دراز علاقوں سے آئے افراد برف سے ڈھکے پہاڑوں اور سرد موسم سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

سیاحوں میں بچے، خواتین اور مرد شامل ہیں جو چیئر لفٹ کی سیر کرتے ہوئے برف باری اور حسین مناظر سے بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں۔ برف سے اٹے پہاڑ اور خوبصورت وادیاں سیاحوں کے لیے خصوصی کشش بن گئی ہیں۔

سیاحوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقے قدرت کا حسین تحفہ ہیں اور مالم جبہ کی خوبصورتی سردیوں میں مزید نکھر جاتی ہے۔ ان کے مطابق یہاں آ کر فطرت کے قریب ہونے کا احساس ملتا ہے اور یہ تجربہ ہمیشہ یادگار رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں