کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو بگٹی قبائل کے قبائلی نظام میں چیف آف بگٹیز کی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ قبائلی عمائدین کی مشاورت سے میر سرفراز بگٹی کو بگٹی قبائل کا آٹھواں چیف منتخب کیا گیا، جس پر قبائلی رہنماؤں نے ان کی کامیابی اور سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔
اس سلسلے میں آج ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیکڑ میں روایتی دستار بندی کی تقریب منعقد ہوگی، جہاں میر سرفراز بگٹی کو باقاعدہ طور پر چیف آف بگٹیز کی دستار پہنائی جائے گی۔
تقریب میں بگٹی قبائل کے تمام چیف، وڈیرے اور قبائلی معتبرین شرکت کریں گے۔ شرکاء میں شمبانی، کلپر، موندرانی، پیروزانی، نوتھانی اور ڈومب قبائل کے سربراہان بھی شامل ہوں گے، جو قبائلی اتحاد اور روایت کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔
دستار بندی کی اس تقریب میں نواب بگٹی خاندان کے افراد بھی خصوصی طور پر شریک ہوں گے اور قبائلی روایات کے مطابق یہ رسم ادا کی جائے گی۔ قبائلی حلقوں کے مطابق یہ فیصلہ بگٹی قبائل کے اتحاد اور قیادت کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے۔






