کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش، سردی میں اضافہ، متعدد فیڈرز بند

کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش، سردی میں اضافہ، متعدد فیڈرز بند 0

کراچی: شہر قائد میں رات گئے موسمِ سرما کی پہلی بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد سردی کی شدت میں واضح اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے خنکی میں مزید اضافہ کر دیا۔

بارش کا سلسلہ آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، سلطان آباد، ضیاء الدین احمد روڈ اور سول لائنز سمیت مختلف علاقوں میں دیکھا گیا۔ اسی طرح شاہراہ فیصل، طارق روڈ، صدر، سولجر بازار، جمشید روڈ اور اطراف کے علاقوں میں بھی بادل خوب برسے۔ سائٹ ایریا، میٹروول اور اورنگی ٹاؤن میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن کے اوقات میں بھی شہر کے مختلف حصوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان موجود ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔

سندھ کے دیگر علاقوں لاڑکانہ، سکھر، شکارپور، جیکب آباد، نوڈیرہ اور خانپور میں بھی بارش ہوئی۔ لکھی غلام شاہ اور گڑھی یاسین میں بارش کے بعد سردی میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا جبکہ حیدرآباد میں بھی وقفے وقفے سے بادل برستے رہے۔

بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کے فیڈرز ٹرپ ہو گئے جس سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ ادھر پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ محکمہ موسمیات نے لاہور میں آج اور کل مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں