اسلام آباد: حکومت نے نئے سال کے موقع پر عوام کو ریلیف دینے کی تیاری کر لی ہے، جس کے تحت یکم جنوری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باعث آئندہ 15 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کی تجویز تیار کر لی گئی ہے۔ اس مجوزہ کمی کا مقصد مہنگائی کے دباؤ میں کمی لانا ہے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 60 پیسے فی لٹر تک کمی متوقع ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 59 پیسے فی لٹر تک کمی کی جا سکتی ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 92 پیسے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 6 روپے 62 پیسے فی لٹر کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اگر حکومت کی جانب سے اس تجویز کی منظوری دے دی گئی تو پٹرول کی قیمت موجودہ 263 روپے 45 پیسے فی لٹر سے کم ہو کر تقریباً 252 روپے 85 پیسے فی لٹر ہو جائے گی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 265 روپے 65 پیسے سے گھٹ کر 257 روپے 06 پیسے فی لٹر تک آنے کا امکان ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت 180 روپے 54 پیسے کے مقابلے میں کم ہو کر تقریباً 171 روپے 62 پیسے فی لٹر تک آ سکتی ہے۔ حتمی اعلان وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد متوقع ہے۔






