کراچی میں ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز، شرجیل میمن نے افتتاح کیا

کراچی میں ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز، شرجیل میمن نے افتتاح کیا 0

کراچی: شہر قائد کے شہریوں کے لیے ایک خوش آئند خبر سامنے آ گئی ہے، جہاں کراچی میں باقاعدہ طور پر ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس نئی سفری سہولت کا مقصد شہریوں کو آرام دہ، محفوظ اور جدید ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے۔

ڈبل ڈیکر بس سروس کا افتتاح سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر متعلقہ حکام نے سینئر وزیر کو بسوں کی خصوصیات، روٹس اور آپریشنل نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 5 ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جا رہی ہیں جو ملیر ہالٹ سے فوارہ چوک تک سفر کریں گی۔ اس بس سروس کا مجموعی روٹ تقریباً 22 کلومیٹر پر مشتمل ہے۔ ڈبل ڈیکر بس کا کم از کم کرایہ 80 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ کرایہ 120 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا گیا ہے اور دسمبر میں ہی ڈبل ڈیکر بسیں کراچی پہنچ گئی ہیں۔ ان کے مطابق کل سے یہ بسیں باقاعدہ طور پر عوام کے لیے دستیاب ہوں گی اور اگر عوامی ردِعمل مثبت رہا تو ڈبل ڈیکر بسوں کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ بی آر ٹی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور امید ہے کہ مارچ یا اپریل تک سڑکوں اور ٹریفک کے مسائل میں نمایاں بہتری آ جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں