نیویارک: امریکا کے وینزویلا میں کیے گئے فوجی اقدام کے بعد ایک امریکی طیارہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو لے کر نیویارک پہنچ گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارہ نیویارک کی اسٹیورٹ ایئر نیشنل گارڈ بیس پر اترا، جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صدر نکولس مادورو کو آئندہ ہفتے مین ہٹن کی ایک وفاقی عدالت میں پیش کیا جا سکتا ہے، جہاں ان پر منشیات اور اسلحہ سے متعلق مقدمات چلائے جانے کا امکان ہے۔ امریکی حکام کی جانب سے اس حوالے سے حتمی عدالتی شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ امریکا نے چند روز قبل وینزویلا میں فوجی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق اس کارروائی کے دوران خصوصی فورسز نے صدارتی محل میں آپریشن کر کے صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو تحویل میں لیا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس آپریشن میں متعدد طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا، جبکہ اس کی منصوبہ بندی پہلے سے خفیہ طور پر کی جا رہی تھی۔ ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا مزید کارروائیوں کے لیے بھی تیار ہے اور مادورو کے خلاف امریکا میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب وینزویلا کی حکومت اور حامی حلقوں کی جانب سے ان اقدامات کو ملکی خودمختاری کے خلاف قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ عالمی سطح پر بھی صورتحال پر تشویش پائی جا رہی ہے۔






