امریکی ملٹری چیف نے وینزویلا میں فوجی آپریشن کی تفصیلات بتا دیں

امریکی ملٹری چیف نے وینزویلا میں فوجی آپریشن کی تفصیلات بتا دیں 0

واشنگٹن:امریکا کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے وینزویلا میں کیے گئے فوجی آپریشن کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیرِ دفاع کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی صدر ٹرمپ کے احکامات پر کی گئی۔

جنرل ڈین کین کے مطابق آپریشن کا مقصد وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لینا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مشن کئی ماہ کی منصوبہ بندی اور امریکی افواج کے طویل تجربے کی بنیاد پر انجام دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی میں امریکا کی بری، بحری اور فضائی افواج نے مشترکہ طور پر حصہ لیا، جبکہ مختلف انٹیلی جنس اداروں نے بھی تعاون فراہم کیا۔ ان کے مطابق سی آئی اے، این ایس اے اور دیگر اداروں کی معلومات کے بغیر یہ آپریشن ممکن نہیں تھا۔

امریکی ملٹری چیف کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران 150 سے زائد طیارے استعمال کیے گئے، جن میں جدید فائٹر جیٹس اور بمبار طیارے شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی کے لیے موزوں وقت کا انتخاب کیا گیا تاکہ فوجی نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکے۔

جنرل ڈین کین کے مطابق مختلف بری اور بحری اڈوں سے طیارے روانہ کیے گئے، جبکہ دارالحکومت کاراکاس پہنچنے پر وینزویلا کے فضائی دفاعی نظام کو غیر مؤثر بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران ایک امریکی ہیلی کاپٹر کو نقصان پہنچا، تاہم تمام طیارے اور اہلکار بحفاظت واپس لوٹ آئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آپریشن کے بعد مادورو اور ان کی اہلیہ کو امریکی وزارتِ انصاف کی تحویل میں دے دیا گیا، جبکہ واپسی کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر دفاعی اقدامات بھی کیے گئے۔

دوسری جانب وینزویلا کی حکومت نے امریکی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ وینزویلا کا مؤقف ہے کہ اس حملے کا اصل مقصد ملک کے قدرتی وسائل پر کنٹرول حاصل کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں