نیویارک:نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی خودمختار ملک پر حملہ کرنا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اسے جنگ کے مترادف سمجھا جانا چاہیے۔
اپنے بیان میں میئر نیویارک نے کہا کہ وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو نیویارک میں حراست میں رکھنے کے منصوبے پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں۔ ان کے مطابق اس اقدام کے اثرات نیویارک میں مقیم وینزویلا کے شہریوں پر بھی پڑ سکتے ہیں، جس سے سماجی اور انسانی مسائل جنم لے سکتے ہیں۔
ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو ایسے اقدامات پر خاموش نہیں رہنا چاہیے اور بین الاقوامی قوانین کا احترام ہر ملک پر لازم ہے، چاہے وہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو۔
واضح رہے کہ امریکا نے حالیہ دنوں وینزویلا میں فوجی کارروائی کر کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وینزویلا کی حکومت نے امریکی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد ملک کے تیل اور معدنی وسائل پر کنٹرول حاصل کرنا ہے۔






