لاہور : ملک کے مختلف میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں آ گئے ہیں، جس کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے پر متعدد موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ دھند کے باعث شہریوں کو سفر میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک جبکہ موٹروے ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ ان راستوں پر حدِ نگاہ خطرناک حد تک کم ہو چکی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے شیر شاہ تک اور موٹروے ایم فائیو روہڑی سے شیر شاہ تک بھی شدید دھند کے باعث بند ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ موٹروے ایم فورٹین کوٹ بیلیاں سے عیسیٰ خیل تک دھند کے باعث بند ہے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب دھند کے باعث مختلف ایئرپورٹس پر پروازوں کے شیڈول بھی متاثر ہوئے ہیں، جس سے فضائی مسافروں کو تاخیر اور منسوخی کا سامنا ہے۔






