بیجنگ: روس کے بعد چین، فرانس، ایران، کولمبیا اور کیوبا نے بھی وینزویلا میں امریکی فوجی آپریشن کی سخت مذمت کر دی ہے۔ مختلف ممالک نے اس کارروائی کو بین الاقوامی قوانین اور وینزویلا کی خودمختاری کے خلاف قرار دیا ہے۔
چینی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا نے ایک خودمختار ریاست کے خلاف طاقت کا استعمال کیا، جو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے۔ چین نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکا عالمی قوانین کی پاسداری کرے اور ایسے اقدامات سے گریز کرے جو خطے میں عدم استحکام کا باعث بنیں۔
فرانسیسی وزارتِ خارجہ نے بھی امریکی کارروائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وینزویلا کے صدر کی گرفتاری عالمی قوانین کے منافی ہے۔ فرانس کا کہنا ہے کہ کسی ملک کی قیادت کو طاقت کے ذریعے ہٹانا اور اس کی آزادی کو نقصان پہنچانا درست نہیں، وینزویلا کے مستقبل کا فیصلہ صرف وہاں کے عوام کو کرنا چاہیے۔
ایران نے امریکی حملے کو وینزویلا کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ایرانی قیادت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری کارروائی کرے اور اس اقدام کے ذمہ داران کو جواب دہ ٹھہرائے۔
اس کے علاوہ کولمبیا اور کیوبا کی قیادت نے بھی وینزویلا کی حکومت کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کی مذمت کی ہے اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ظاہر کی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل روس نے بھی امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے وینزویلا کی قیادت کی خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع کی پالیسی کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ روس کا کہنا تھا کہ لاطینی امریکا کو امن کا خطہ رہنا چاہیے اور موجودہ بحران کا حل بات چیت کے ذریعے تلاش کیا جانا ضروری ہے۔






